دریائے جہلم کے پلوں سے سٹریٹ لائٹس چوری، سی سی ٹی وی کے باوجود اندھیرا، شہری عدم تحفظ کا شکار

جہلم: جی ٹی روڈ پر دریائے جہلم کے دونوں تاریخی پل سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونے کے باوجود لاوارث دکھائی دینے لگے ہیں، جہاں نامعلوم چوروں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سٹریٹ لائٹس اور پولز چوری کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے جہلم پل سے جادہ پل تک جی ٹی روڈ کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب چکا ہے، جس کے باعث ٹریفک حادثات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ مسافروں، مقامی شہریوں، طلبہ اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں پلوں پر نصب درجنوں سٹریٹ لائٹس اور پول مسلسل چوری کیے جا رہے ہیں، حالانکہ ان مقامات کے دونوں اطراف پولیس چوکیاں قائم ہیں اور ضلع جہلم اور گجرات کی پولیس نفری بھی تعینات ہے۔ اس کے باوجود اس پیمانے پر سرکاری تنصیبات کی چوری کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر اس قدر اہم اور حساس مقامات بھی محفوظ نہیں تو عام علاقوں کی صورتحال کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ اندھیرے کے باعث نہ صرف حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے بلکہ جرائم میں اضافے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مجرمانہ غفلت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
اہلِ علاقہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملوث عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے، پلوں پر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور سٹریٹ لائٹس کو بحال کر کے اس اہم شاہراہ کو دوبارہ محفوظ اور روشن بنایا جائے۔



