جہلم میں پیٹرول پمپس کی مانیٹرنگ مزید سخت، قیمتوں اور پیمانوں میں کسی بے ضابطگی پر زیرو ٹالرنس کا اعلان

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبد السمیع شیخ نے پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور پمپ مالکان کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی مقررہ سرکاری قیمتوں پر فروخت، پیمانوں کی درستگی اور صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران اسسٹنٹ کمشنر جہلم نے واضح الفاظ میں کہا کہ ذخیرہ اندوزی، کم ناپ تول یا مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ پیمانوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال یقینی بنائیں اور ڈسپنسنگ یونٹس کی فنی حالت کو ہر صورت بہتر رکھیں تاکہ عوام کو درست مقدار میں معیاری ایندھن فراہم کیا جا سکے۔
مزید برآں اجلاس میں پیٹرول پمپس پر موجود بنیادی سہولیات خصوصاً واش رومز کی صفائی اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی کو لازمی قرار دیا گیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ صارفین کی سہولت اور عزتِ نفس پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس کی اچانک چیکنگ اور مسلسل مانیٹرنگ کا عمل بھی باقاعدگی سے جاری رہے گا تاکہ قیمتوں، پیمانوں اور سہولیات کے حوالے سے شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔
اس موقع پر پیٹرول پمپ مالکان اور ایسوسی ایشن کے وفد نے سرکاری ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کا عزم ظاہر کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر جہلم نے متعلقہ عملے کو فیلڈ میں متحرک رہنے کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل اور شفاف فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف انتظامی امور پر اتفاقِ رائے کیا گیا۔



