آئیسکو کا کارنامہ، دینہ کے غریب محنت کش کو 18 لاکھ سے زائد کا بجلی بل بھیج دیا

جہلم/ دینہ: اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے دینہ کے غریب محنت کش کے گھر کا بل 18لاکھ 42ہزار روپے بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق آئیسکو سرکل جہلم کی دینہ سب ڈویژن کے علاقہ لدھڑ منارہ کے رہائشی شبیر نامی رکشہ ڈرائیور کو 18 لاکھ 42 ہزار 245 روپے بجلی کا بل بھیج دیا گیا۔ 5اگست تک بل جمع نہ کروانے کی صورت میں رکشہ ڈرائیور شبیر کو 1 لاکھ 43 ہزار 193 روپے جرمانے کے ساتھ 19 لاکھ 85ہزار 438روپے جمع کروانا ہوں گے۔
دینہ کے علاقہ لدھڑ منارہ کے رہائشی محنت کش شبیر نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بوسیدہ مکان جس کے اندر 2بلب اور 1پنکھا موجود ہے میٹر ریڈر کی مہربانی سے جو بل مجھے بھجوایا گیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ میں نے گھر کے اندر کوئی فیکٹری قائم کر رکھی ہے جہاں درجنوں ملازمین کی شفٹیں کام کر رہی ہیں۔
متاثرہ نوجوان کا کہنا تھا کہ جس گھر کا بل موصول ہوا ہے اس کی قیمت بجلی کے بل سے کئی سو گنا کم ہے۔ گزشتہ ماہ 56ہزار کا بل ادھار لے کر جمع کرایا تھا۔ ایک ہزار روپےدن کا کماتا ہوں،ساڑھے18 لاکھ کہاں سےجمع کراؤں۔
دوسری جانب آئیسکو ترجمان سے بات کی گئی تو حکام کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص سےرابطہ کرنےکی کوشش کررہےہیں، کمپیوٹر میں غلط اندراج سے بل زیادہ آگیا ہے جلد درست کردیا جائے گا۔



