جہلم میں تجاوزات کی بھرمار، سڑکوں پر ریڑھی بانوں اور لوڈ رکشوں پر پھل سبزیاں فروخت کرنے والوں کا قبضہ

جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسداد تجاوزات کے عملہ کی ملی بھگت سے اندرون شہر تجاوزات کی بھر مار، سڑکوں پر ریڑھی بانوں اور لوڈ رکشوں پر پھل سبزیاں فروخت کرنے والوں کا قبضہ،میونسپل کمیٹی کے عملے کی سرپرستی میں شہر کے بازاروں سمیت اندرون شہر کی سٹرکوں فٹ پاتھوں کے ساتھ ساتھ سڑکیں بھی ٹھیکے پر دیدی۔
شہر بھر میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی انسداد تجاوزات مہم بری طرح ناکام ہوگئی،انسداد تجاوزات کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی ۔ دوکانداروں ہوٹلز مالکان نے اپنی دکانیں سڑکوں پر سجا لی ایڈ منسٹریٹر میونسپل کمیٹی ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے شہر یوں کے مسائل سے منہ موڑ لیا ۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی انسداد تجاوزات مہم کو میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسداد تجاوزات کے ذمہ داران کی ملی بھگت سے بری طرح ناکام ہو چکی ہے ،شہر بھر میں جگہ جگہ ریڑھی بانوں اورلوڈر رکشوں پر پھل سبزی فروشوں نے سڑکوں پر قبضہ کررکھا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل سمیت شہریوں کا پیدل چلنا بھی محال ہوگیاہے۔
اس طرح شہر کے بازاروں اور سٹرکوں سمیت چوک چوراہوں، کچہری روڈ، ریلوے روڈ، اولڈ جی ٹی روڈ، سول لائن روڈ سمیت ملحقہ علاقوں میں تجاوزات مافیا اور ہوٹلز مالکان نے میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں سے سازباز ہوکر فٹ پاتھوں سمیت سٹرکوں پر 10سے 15فٹ قبضہ کرر کھا ہے جبکہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے مکمل طور پر آنکھیں بند کررکھی ہیں۔
بتایا گیاہے کہ ہوٹلز مالکان اورتجاوزا ت مافیا کی میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسداد تجاوزات کے اہلکاروں کی پشت پناہی حاصل ہے ،شہر بھر میں صرف کاغذوں اور فوٹو سیشن کے ذریعے تجازوات کے خلاف کامیاب مہم کی رپورٹس جاری کی جاتی ہیں عملی طور پر حالات اس کے برعکس ہیں ۔



