جہلم سے کرکٹ کے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح کے مواقع فراہم کرنا ہمارا عزم ہے، ڈپٹی کمشنر میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ شہر کے باصلاحیت کرکٹرز کو انٹرنیشنل سطح کے مواقع فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔ لاہور قلندر کے ٹرائلز کے لیے ضلع بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اعلیٰ سطح پر جگہ بنانے کی کوشش کریں۔
یہ بات انہوں نے ضمیر جعفری سٹیڈیم سلمان پارس کے دورے کے موقع پر محکمہ کھیل کے ضلعی افسران کے ہمراہ کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے آئندہ دو روز کے دوران ہونے والے ٹرائلز کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
محکمہ کھیل کے افسران نے بریفنگ میں بتایا کہ سٹیڈیم کی تزئین و آرائش آخری مراحل میں ہے اور شام تک تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے۔ اس کے بعد لاہور قلندر کی ٹیم دو روز تک نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز لے گی اور آئندہ سیزن کے لیے سلیکشن کرے گی۔
ڈی سی جہلم نے ہدایت کی کہ ٹرائلز میں شریک کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنی کارکردگی کا بہترین مظاہرہ کر سکیں۔



