سوہاوہ چکوال روڈ پر اڈہ جھیک کے مقام پر ’’ آغاز حدود ضلع جہلم‘‘ کا بورڈ آویزاں کرنے کو عوامی مطالبہ

پڑی درویزہ: سوہاوہ چکوال روڈ پر واقع اڈہ جھیک کے مقام پر "آغاز حدود ضلع جہلم” کا بورڈ نصب کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ علاقے کے عوامی اور سماجی حلقوں نے محکمہ شاہرات پنجاب ضلع جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم کی حدود کی واضح نشاندہی کے لیے فوری طور پر خوبصورت اور نمایاں بورڈ نصب کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سوہاوہ چکوال روڈ پر چکوال سے جہلم کی جانب سفر کرتے ہوئے اڈہ جھیک کے مقام سے ضلع جہلم کی حدود شروع ہو جاتی ہیں، جبکہ اڈہ جھیک سے پیر پھلائی تک سڑک کے بائیں جانب متعدد آبادیاں، جن میں پڑی درویزہ، دئیوال، پرانہ کوٹ اور چھبر سیداں شامل ہیں، ضلع جہلم کی حدود میں واقع ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس وقت سوہاوہ سے چکوال کی جانب جاتے ہوئے اڈہ پیر پھلائی کے مقام پر سڑک کے دائیں جانب "آغاز حدود ضلع چکوال” کا بورڈ کئی برسوں سے نصب ہے، تاہم چکوال سے جہلم آنے والے مسافروں کے لیے اڈہ جھیک پر ضلع جہلم کی حدود کے آغاز کا کوئی بورڈ موجود نہیں، جس سے مسافروں اور عوام کو اضلاع کی حدود کے تعین میں دشواری پیش آتی ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اگر اڈہ پیر پھلائی پر ضلع چکوال کی حدود کے آغاز کی نشاندہی کے لیے بورڈ نصب کیا جا سکتا ہے تو اسی طرح اڈہ جھیک کے مقام پر بھی "آغاز حدود ضلع جہلم” کا بورڈ نصب کیا جانا چاہیے تاکہ دونوں اضلاع کی حدود واضح طور پر نمایاں ہو سکیں اور مسافروں کو درست رہنمائی حاصل ہو۔
شہریوں نے محکمہ شاہرات پنجاب ضلع جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اس عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اڈہ جھیک کے مقام پر جلد از جلد خوبصورت اور معیاری بورڈ نصب کیا جائے، تاکہ ضلع جہلم کی حدود کی واضح نشاندہی کے ساتھ علاقے کی شناخت بھی بہتر انداز میں اجاگر ہو سکے۔



