دینہ میں ایل پی جی کی قیمتیں بے قابو، گھریلو گیس سلنڈر 5 ہزار روپے تک پہنچ گیا

دینہ اور گردونواح میں ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے شہریوں، خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی مبینہ عدم توجہی کے باعث بعض گیس پلانٹس مالکان اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت وصول کر رہے ہیں، جس سے گھریلو بجٹ شدید متاثر ہو رہا ہے۔

عوامی حلقوں کے مطابق اوگرا کی جانب سے گھریلو گیس سلنڈر کی مقررہ قیمت تقریباً 3,600 روپے ہونے کے باوجود بعض مقامات پر سلنڈر 5,000 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا دعویٰ ہے کہ روہتاس روڈ دینہ اور لنگر پور کے بعض گیس پلانٹس میں قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافے نے روزمرہ زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ دیہاڑی دار مزدور اور متوسط طبقے کے افراد پورا سلنڈر خریدنے کے بجائے چند کلو گیس خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں، جبکہ گھریلو اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔

مقامی دکانداروں کا مؤقف ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ گیس پلانٹس کی جانب سے بڑھائے گئے نرخ ہیں، جس کا بوجھ بالآخر صارفین پر منتقل ہو رہا ہے۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر متعلقہ اداروں نے بروقت مداخلت نہ کی تو قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی گیس کی قیمتوں کا فوری جائزہ لیا جائے، اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button