پنڈدادنخان پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے سال 2023 سے قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔
یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم نے کی۔ گرفتار شدہ مجرم سے رائفل 223 بور سمیت ایمونیشن بھی برآمد کر لی گئی۔
ملزم ابتدائی طور پر تھانہ پنڈدادنخان پولیس کو قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو گیا تھا، تاہم جدید سائنٹفک طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ اشتہاری مجرمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور قانون شکنی کرنے والوں کو کسی بھی صورت نہیں بخشا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے اور مجرموں کی گرفتاری کے لیے جدید اور مؤثر طریقہ کار استعمال کیا جا رہا ہے۔
