پنڈدادنخان/ جہلم: پنڈ دادنخان کے نواحی گاؤں کوٹ عمر کا بہادر سپوت گزشتہ شب کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے دوران وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہید ہو گیا۔ شہادت کی خبر علاقے میں پہنچتے ہی فضا سوگوار ہوگئی، جبکہ اہلِ علاقہ نے اپنے شہید بیٹے کی عظیم قربانی پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پاکستان رینجرز کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے دوران جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے گاؤں کوٹ عمر سے تعلق رکھنے والا رینجرز کا جوان بہادری سے وطن دشمن عناصر کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گیا۔ شہید نے مادرِ وطن کے دفاع، امن و امان کے قیام اور قومی سلامتی کے لیے اپنی جان قربان کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ جہلم اور بالخصوص پنڈ دادنخان کی دھرتی نے ہمیشہ وطن کے دفاع کے لیے بہادر سپوت پیدا کیے ہیں، جو ہر مشکل گھڑی میں ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کرتے۔ شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جون کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر بھارتی پراکسی تنظیم جماعت الاحرار سے وابستہ دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے مرکزی گیٹ پر دھماکا کرنے کے بعد حفاظتی حصار توڑنے کی کوشش کی، تاہم رینجرز کے چوکس اہلکاروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں تین حملہ آور ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جس کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ افغان شہری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید کارروائی بھی مکمل کی۔
