یومِ آزادی جوش و جذبے سے منائیں گے، دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے، شیخ اکرام الٰہی

دینہ: اگست کا مہینہ شروع ہوتے ہی ملک بھر کی طرح تحصیل دینہ میں بھی یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔
قومی جوش و جذبے میں بے پناہ شدت دیکھنے میں آ رہی ہے اور شہری گھروں، دوکانوں، گلی محلوں اور اہم عمارتوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں، قومی پرچموں اور روشنیوں سے سجا رہے ہیں تاکہ قیام پاکستان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔
اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق چیئر مین میونسپل کمیٹی دینہ شیخ اکرام الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یومِ آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منانا چاہیے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نئی نسل کو قیام پاکستان کی حقیقی جدوجہد سے روشناس کرایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا یکم اگست سے 14 اگست تک یومِ آزادی منانے اور مختلف تقریبات کا انعقاد کرنا قابلِ ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے حالیہ دنوں میں بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ہم یوم آزادی بھرپور طریقے سے منا کر دشمن کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اگر پاکستان کی طرف بری نظر سے دیکھا گیا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے پُرعزم انداز میں کہا، ’’ہم ہیں پاکستانی، میرا دل میری جان پاکستان‘‘۔



