نیا بازار اور خانسامہ روڈ پر سیوریج مسائل کے مستقل حل کے لیے واسا کا آپریشن شروع

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر واسا جہلم کی ٹیموں نے نیا بازار اور خانسامہ روڈ پر سیوریج کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے بھرپور آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واسا کی ٹیمیں ان علاقوں میں ڈرینج لائنوں کی صفائی اور سیوریج نالوں کی بھل صفائی میں مصروف ہیں تاکہ گندے پانی کی بروقت اور مؤثر نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔
آپریشن کے دوران بھاری مشینری اور ماہر عملے کی مدد سے بند نالوں کو کھولا جا رہا ہے جبکہ جمع شدہ کوڑا کرکٹ نکال کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔
واسا حکام کے مطابق نیا بازار اور خانسامہ روڈ میں سیوریج لائنوں کی خرابی کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا تھا، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے صفائی کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے واسا ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ تمام متاثرہ مقامات پر کام کی تکمیل تک فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ سیوریج اوور فلو کے مسئلے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
واسا کی جانب سے شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں تاکہ نکاسیٔ آب کا نظام بہتر اور دیرپا طور پر فعال رہ سکے۔



