مویشی چوری اور چوری کی وارداتوں میں ملوث وحیدہ گینگ کے 2 ملزمان گرفتار

پنڈدادنخان: پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے مویشی چوری اور دیگر چوری کی وارداتوں میں ملوث وحیدہ گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ للِہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے چور گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 10 ہزار روپے نقدی اور 138 میٹر فینسی تار برآمد کر لی جس کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 79 ہزار روپے بتائی جاتی ہے۔ اس طرح برآمد ہونے والے مال مسروقہ کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 89 ہزار روپے بنتی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔



