پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس کو یونیورسٹی آف جہلم میں اپ گریڈ کرنے کی منظوری

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب نے جہلم کے لیے ایک تاریخی تعلیمی منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کے جہلم کیمپس کو اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی آف جہلم کا درجہ دے دیا ہے۔
یہ نئی یونیورسٹی خودمختار حیثیت کی حامل ہو گی، جو جدید ترین تعلیمی سہولیات، سینکڑوں نئے کورسز اور ڈگری پروگرامز کے ذریعے ضلع جہلم اور گردونواح کے ہزاروں طلبہ و طالبات کے لیے علم کے نئے دروازے کھولے گی۔
اس اہم فیصلے سے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے لیے دیگر شہروں کا سفر کرنے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی اور انہیں اپنے ہی شہر میں معیاری تعلیم میسر آئے گی۔
یونیورسٹی کے قیام کا سہرا مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی اور وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کے سر جاتا ہے جنہوں نے جہلم کی تعلیمی ترقی کو ہمیشہ ترجیح دی۔
ڈاکٹر اظہر کیانی صحت کے شعبے میں اپنی خدمات کے باعث پہلے ہی ایک منفرد مقام رکھتے ہیں، جبکہ بلال اظہر کیانی اپنی نوجوان قیادت، ترقیاتی وژن اور عوامی فلاح کے جذبے سے جہلم کے تعلیمی اور معاشی منظرنامے کو بدلنے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
حکومت پنجاب نے سال 2025-26 کے اے ڈی پی (سالانہ ترقیاتی پروگرام) کے بجٹ میں یونیورسٹی آف جہلم کے قیام و ترقی کے لیے دو ارب روپے کی خطیر رقم فوری طور پر مختص کر دی ہے، جو اس منصوبے کو عملی شکل دینے کی واضح ضمانت ہے۔
علاوہ ازیں میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر کیانی اور بلال اظہر کیانی کی کوششوں سے میڈیکل کالج کے قیام کا منصوبہ بھی تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے، جس سے نہ صرف میڈیکل ایجوکیشن کو فروغ ملے گا بلکہ علاقہ بھر میں صحت کی سہولیات کا معیار بھی بلند ہو گا۔



