50
جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کے “صحت مند پنجاب” ویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ کلینکس کے ہنگامی دورے کیے۔ ان دوروں کا مقصد عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی کے انتظامات اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسمیع شیخ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کا دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، او پی ڈی اور فارمیسی کا معائنہ کرتے ہوئے زیرِ علاج مریضوں سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ادویات کی مفت فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر اور مثالی بنایا جائے۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد نے مریم نواز ہیلتھ کلینک سوہن کا دورہ کیا۔ انہوں نے کلینک میں موجود طبی آلات، ادویات کے اسٹاک، عملے کی حاضری اور ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں قائم یہ ہیلتھ کلینکس عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے عملے کو سختی سے پابند کیا کہ وہ ڈیوٹی اوقات میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کریں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری ہسپتالوں اور ہیلتھ کلینکس کے باقاعدہ دورے جاری رکھیں تاکہ سائلین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طبی سہولیات کی فراہمی میں غفلت یا کوتاہی برتنے والے عملے کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیونکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
