محرم الحرام؛ مثالی انتظامات پر حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ سید امیر احمد شاہ، سید اسد شاہ

دینہ: محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور کے موقع پر تحصیل دینہ میں مثالی انتظامات پر حکومت پنجاب، ضلعی و تحصیل انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سید امیر احمد شاہ انچارج افواجِ حسینی اور سید اسد شاہ صدر خدامِ حسینی امام بارگاہ احسینے بنگلہ اسد آباد نے عزاداری سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثاروں کی یاد میں نکالے جانے والے جلوسوں و مجالس کے پرامن، منظم اور مؤثر انعقاد پر مشترکہ بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور مقامی انتظامیہ نے جس جانفشانی، دیانت اور ذمہ داری سے ایامِ عزا کے دوران خدمات انجام دیں، وہ بلاشبہ مثالی ہیں۔ صفائی و نکاسی، سیکیورٹی، صحت، ایمرجنسی سہولیات اور بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے تمام اداروں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

سید امیر احمد شاہ اور سید اسد شاہ نے کہا کہ خصوصی طور پر تحصیل انتظامیہ، ستھرا پنجاب پروگرام، پولیس فورس، اسپیشل برانچ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور آئیسکو کے اہلکاروں نے دن رات کی تمیز کیے بغیر اپنے فرائض سرانجام دیے۔ امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر صفائی اور کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی پر ستھرا پنجاب کی ٹیم خاص طور پر داد کی مستحق ہے۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون افسر ہونے کے باوجود محرم الحرام کے دس دنوں میں مسلسل عوام میں موجود رہ کر اپنی موجودگی اور کارکردگی سے ثابت کیا کہ وہ اپنے فرائض کے ساتھ مخلص ہیں۔ انہوں نے نرمی، فراخ دلی اور مستعدی سے ہر مقام پر بروقت رسپانس دیا۔

آخر میں سید امیر احمد شاہ نے کہا کہ "ہم ان تمام اداروں، افسران اور ذمہ دار اہلکاروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے محرم الحرام کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے خلوصِ نیت سے اپنا فرض ادا کیا۔ اہلِ بیتؑ کے غم میں شریک عزاداروں کی خدمت میں جس جذبے کا مظاہرہ کیا گیا، وہ نہ صرف لائقِ تحسین بلکہ قابلِ تقلید بھی ہے۔”

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button