عید الاضحیٰ سے قبل ملاوٹ مافیا سرگرم، ناقص اور مضر صحت اشیاء کی کھلے عام فروخت، شہری حلقے سراپا احتجاج

جہلم: عید الاضحیٰ کی آمد سے قبل ہی جہلم شہر اور گرد و نواح میں ناقص، غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیائے خورونوش کی فروخت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔

بازاروں اور دکانوں میں دودھ، دہی، گھی، چائے کی پتی، مصالحہ جات، سرخ مرچ، دالیں اور دیگر ضروری اشیاء مضر صحت حالت میں کھلے عام فروخت کی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ملاوٹ مافیا پوری طرح متحرک ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مکمل طور پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ چیک اینڈ بیلنس کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے اور اشیائے خوردونوش کی کوالٹی پر کوئی مؤثر نگرانی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔

شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو عید کے دنوں میں خوراک سے جڑی بیماریاں مزید بڑھ سکتی ہیں۔

عوامی، سماجی اور شہری تنظیموں کے نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات درج کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ شہریوں کی صحت کا تحفظ ممکن ہو سکے۔

شہر کے باسیوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ خوراک کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرے اور عوام کو صاف، معیاری اور محفوظ اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ملاوٹ مافیا کے خلاف فوری اور عملی اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

Exit mobile version