قوت سماعت و گویائی سے محروم 16 سالہ لڑکے کو بدفعلی کا نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

پنڈدادنخان: تھانہ جلالپور شریف پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے 16 سالہ لڑکے سے نازیبا حرکات اور جنسی زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ان کی ٹیم نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے قوت سماعت و گویائی سے محروم 16 سالہ لڑکے کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے اور بدفعلی کا نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
متاثرہ لڑکے کی والدہ نے تھانہ جلالپور شریف میں تحریری درخواست جمع کرائی، جس پر پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا چکے ہیں اور اسے مکمل قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے چالان کی صورت میں عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے واقعے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورتوں اور بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی جیسے سنگین جرائم میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



