جہلم: ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم حسن احسن کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دریائے جہلم کے اندر موجود تجاوزات کو ہٹانے کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں محکمہ آبپاشی کو ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ یونین کونسل سیکرٹریز کو فلڈ کے دوران ممکنہ انخلاء کے لیے انتظامات کرنے کی ہدایات کریں۔ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کو فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی۔
انجینئر سعید احمد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 نے سیلابی صورتحال میں پیدا ہونے والے حالات پر بریفنگ دی۔جس میں سیلابی صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے موجود وسائل،فلڈ سیکٹرز کی تشکیل،ریسکیوز کی سیلاب زدہ علاقوں میں تعیناتی، ہنگامی حالات میں لوگوں کو انخلا، ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے اور ان کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے جیسے اقدامات کا بتایا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسن احسن نے کہا کہ مشکل حالات میں لوگوں کی مدد کرنا آسان کام نہیں ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو سیلابی صورتحال میں لوگوں کو بہترین انداز میں اپنی سروسز فراہم کرنے کی تلقین کی۔



