منی ڈیم میں نہاتے ہوئے 62 سالہ شخص ڈوب کر جاں بحق

سوہاوہ کے نواحی علاقہ کے منی ڈیم میں نہاتے ہوئے 62 سالہ شخص ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے کوٹ دھمیک منی ڈیم میں نہاتے ہوئے 62 سالہ شخص ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، تاہم متاثرہ شخص کی جان نہ بچائی جا سکی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک شخص منی ڈیم میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا ہے۔ کالر نے بتایا کہ مقامی افراد متاثرہ شخص کو پانی سے باہر نکال چکے تھے، تاہم وہ بے ہوش تھا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے کالر کو ٹیلی فونک سی پی آر (TCPR) کی ہدایات فراہم کیں اور متاثرہ شخص کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی گئی، مگر مسلسل کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکا۔
ریسکیو ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، جہاں معائنے کے بعد تصدیق کی گئی کہ متاثرہ شخص جاں بحق ہو چکا ہے۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ساجد حسین ولد صابر حسین سکنہ ڈھوک امام بخش کے نام سے ہوئی۔



