خانہ بدوش بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ، ڈپٹی کمشنر کا ڈی ای او لٹریسی کے ہمراہ نان فارمل سکولز کا دورہ

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی میمونہ انجم کے ہمراہ پیرا غائب میں خانہ بدوش بچوں کے لیے قائم نان فارمل بیسک ایجوکیشن سکولز کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سکولز کے کلاس رومز کا معائنہ کیا اور بچوں کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں، تعلیمی ماحول اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بچوں سے ملاقات بھی کی اور ان سے پڑھائی اور مختلف تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں گفتگو کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی میمونہ انجم نے نان فارمل بیسک ایجوکیشن سکولز میں جاری تعلیمی نظام، بچوں کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ خانہ بدوش بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنا ایک اہم سماجی ذمہ داری ہے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نان فارمل سکولز میں بچوں کو معیاری تعلیم، سازگار تعلیمی ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ ان کی تعلیمی پیش رفت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ انہیں معاشرے کا فعال اور تعلیم یافتہ حصہ بنایا جا سکے۔

Exit mobile version