پنڈدادنخان میں ہرن پور پھاٹک کے قریب نامعلوم خاتون کی لاش برآمد

پنڈدادنخان میں ہرن پور پھاٹک کے قریب نامعلوم خاتون کی لاش برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی علاقے عثمان شریف کے قریب ایک نامعلوم خاتون کی لاش برآمد ہونے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق راہگیروں نے ہرن پور پھاٹک کے قریب ایک خاتون کی لاش پڑی دیکھ کر متعلقہ تھانے کو اطلاع دی، جس پر پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔

ابتدائی طور پر خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ لاش کو قانونی کارروائی اور شناخت کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ خاتون کی شناخت اور موت کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ضروری تفتیش جاری ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Exit mobile version