ترقیاتی منصوبوں میں شہریوں اور تاجر برادری کی سہولت اولین ترجیح ہے، بلال اظہر کیانی

جہلم: وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت تحصیل روڈ/ماڈل بازار جہلم پر ٹریفک مینجمنٹ اور جاری بیوٹیفکیشن منصوبے کے حوالے سے تاجر نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں، دکانداروں اور خریداروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران تاجر نمائندوں نے جاری بیوٹیفکیشن منصوبے کے باعث ٹریفک کی روانی، پارکنگ، متبادل راستوں، دکانوں تک رسائی اور کاروباری سرگرمیوں پر مرتب ہونے والے اثرات کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں، جبکہ متعلقہ محکموں نے موجودہ صورتحال اور ٹریفک مینجمنٹ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے دوران شہریوں اور تاجر برادری کی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن منصوبے کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اور قابلِ عمل متبادل انتظامات کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تاجر نمائندوں کی تجاویز کی روشنی میں ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ کے بہتر انتظام، تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تاجر برادری کے تعاون سے شہر میں بہتر کاروباری اور شہری ماحول کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

بعد ازاں وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی زیر صدارت نوجوانوں، طلبہ، فری لانسرز اور آئی ٹی پروفیشنلز کے لیے جدید کو ورکنگ اسپیس کے قیام کے حوالے سے بھی ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایک مرکزی ڈیجیٹل سہولت مرکز کے قیام کی تجویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں منصوبے کے ڈیزائن، موزوں مقام، انفراسٹرکچر، ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، کمپیوٹر ورک اسٹیشنز، کانفرنس رومز، کیفے ٹیریا اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کو ورکنگ اسپیس میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے جدید بیک اپ پاور سسٹم نصب کیا جائے گا تاکہ آن لائن ورک، فری لانسنگ، ورچوئل میٹنگز اور تعلیمی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یہ منصوبہ ضلع جہلم کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل معیشت سے جوڑنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ منصوبے کو جلد عملی شکل دی جائے گی تاکہ طلبہ، فری لانسرز، آئی ٹی پروفیشنلز اور دیگر شہری ایک جدید، محفوظ اور معیاری ورکنگ ماحول سے مستفید ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button