جہلم سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ملک عمر حسن رائل کالج آف فزیشنز آف آئرلینڈ کے ممبر مقرر

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے شعبہ دمہ و تپ دق کے سابق انچارج، معروف معالج اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ضلع جہلم کے صدر ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمٰن کے صاحبزادے ڈاکٹر ملک عمر حسن کو رائل کالج آف فزیشنز آف آئرلینڈ کا باضابطہ رکن مقرر کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر ملک عمر حسن نے 1654ء میں قائم ہونے والے اس تاریخی کالج کی راہداریوں میں چہل قدمی سے لے کر صدیوں سے محفوظ "رول آف ممبرز” پر دستخط تک، 370 سالہ طب کی میراث کا حصہ بن کر ایک قابل فخر مقام حاصل کیا ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ ضلع جہلم کی میڈیکل کمیونٹی اور شہریوں کے لیے بھی ایک اعزاز کی حیثیت رکھتی ہے۔
اس موقع پر جہلم شہر کی سماجی، رفاحی، فلاحی، مذہبی، سیاسی، صحافتی تنظیموں کے نمائندگان اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمٰن کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور ڈاکٹر عمر حسن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عمر حسن جیسے باصلاحیت نوجوانوں کی عالمی سطح پر پذیرائی پاکستان کے لیے روشن مستقبل کی نوید ہے، اور ایسے افراد نوجوان نسل کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔



