جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں بیمار، لاغر اور نیم مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کا مکروہ دھندا بدستور جاری ہے، جس سے شہریوں کی صحت شدید خطرات سے دوچار ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں بعض قصابوں نے اپنے گھروں اور حویلیوں کو غیر قانونی منی سلاٹر ہاؤسز میں تبدیل کر رکھا ہے، جہاں بیمار اور لاغر جانوروں کو ذبح کر کے گوشت بازاروں اور دکانوں میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کچھ قصاب گوشت میں پانی بھر دیتے ہیں تاکہ وہ ظاہری طور پر توانا اور تازہ دکھائی دے، مگر پکانے کے دوران وہ نہ صرف سخت رہتا ہے بلکہ اس کا ذائقہ بھی صحت مند جانور کے گوشت سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔
عوامی شکایات کے مطابق کئی قصاب سری پائے کئی کئی دن فریز کرکے فروخت کرتے ہیں، جن میں اکثر اوقات کیڑے اور سنڈیاں پائی جاتی ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ بعض قصابوں نے گاہکوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے نت نئے طریقے ایجاد کر رکھے ہیں، جن سے عوامی صحت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ اور فوڈ اتھارٹی سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو مضر صحت اور غیر معیاری گوشت سے نجات دلائی جا سکے اور ذمہ دار عناصر کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔
