وزیراعظم شہباز شریف کا وزیر مملکت بلال اظہر کیانی سمیت معاشی ٹیم کو عوام دوست بجٹ کی تیاری پر خراج تحسین

جہلم/اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں عوام، تنخواہ دار طبقے اور کاروباری برادری کو ریلیف فراہم کرنے پر وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سمیت حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، سیکریٹری خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے قوم سے کیے گئے وعدوں کے مطابق ایک متوازن، ذمہ دار اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، جس میں عوام، تنخواہ دار طبقے اور کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ محدود مالی وسائل اور معاشی چیلنجز کے باوجود حکومت نے عوامی فلاح کو ترجیح دی ہے اور معاشی بہتری کے ثمرات ملک کے ہر شہری تک پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سمیت پوری معاشی ٹیم کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں عوامی مفاد کو مقدم رکھنا حکومت کی اہم کامیابی ہے۔
اجلاس کے دوران معاشی ٹیم نے وزیراعظم کی قیادت، رہنمائی اور عوامی ریلیف کے لیے ان کی خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کی معاشی اصلاحات اور عوامی فلاح کے اقدامات پر مؤثر انداز میں عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔



