پانچواں سالانہ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ، دوسرے دن بھی شائقین کرکٹ کو یادگار مقابلے دیکھنے کو ملے

سوہاوہ/ ڈومیلی: پانچواں سالانہ حاجی ملک افضال حسین اور راجہ نومی مڑھ میموریل ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ بڑاگواہ میں جاری ہے، جہاں دوسرے دن بھی شائقین کرکٹ کو یادگار مقابلے دیکھنے کو ملے۔ پنجاب بھر سے آنے والے معروف کھلاڑیوں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے ایونٹ کو چار چاند لگا دیے۔

سرمد حمید نے دوسرے دن اپنی دھواں دھار بیٹنگ سے سب کو متاثر کیا۔ ایک میچ میں سات چھکوں کی برسات کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، جس پر راجہ عدنان نے انہیں 7 ہزار روپے اور حافظ پولا نے 5 ہزار روپے انعام دیا۔

ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر ملک اسجد محمود اعوان اور عدنان کیانی مڑھ نے بتایا کہ ایونٹ ڈی سی سی رولز کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔ شائقین کے لیے خصوصی طور پر ڈھیروں انعامات رکھے گئے ہیں، جن میں دو عمرہ کے ٹکٹ، دو سو قرآن پاک، ایک سو موبائل فون، ایک سو سمارٹ واچ اور ایک سو گھڑیاں شامل ہیں جو قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کی جا رہی ہیں۔

پرسنل سیکرٹری نواب آف کالا باغ راجہ فیصل عنایت کیانی نے ٹورنامنٹ کے ساتھ ایک لاکھ روپے کا تعاون کیا، جس پر منتظمین نے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر راجہ ندیم عزیز "وائس آف ڈومیلی” اور صداقت علی نے اپنی خوبصورت آواز سے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔

شائقین کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی شناختی کارڈ کی کاپی ہمراہ لائیں تاکہ انعامات میں شامل ہو سکیں۔ راجہ انیل حارث یوکے کی جانب سے چھ لائیو کاسٹ، ایک اسکورر، چار کمنٹیٹرز اور دو امپائرز کو فی کس پانچ پانچ ہزار روپے انعام دیا گیا۔

منتظمین کے مطابق یہ ضلع جہلم کا سب سے بڑا ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ ہے، جس نے ضلع بھر کے کرکٹ شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button