جہلم: محرم الحرام کے پیشِ نظر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اہم اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ریسکیو 1122، پولیس، سیکیورٹی اداروں، واپڈا، میونسپل کمیٹی، اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ریسکیو 1122 کے انچارج نے محرم کے دوران ریسکیو ٹیموں کی تعیناتی اور تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کے عشرہ کے دوران 200 سے زائد ریسکیو اہلکار، 18 ایمبولینسز، 5 فائر وہیکلز اور موٹر سائیکل اسکواڈ کو مکمل طور پر الرٹ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کو ایمرجنسی سروسز اور سیکیورٹی کی مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صفی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ جلوس کے راستوں میں موجود بجلی کی تاروں کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے تاکہ کسی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔
اس موقع پر میونسپل آفیسر عثمان گوندل نے بتایا کہ جلوس کے راستوں پر صفائی، بجلی کی تاروں کی درستگی، تعمیری مٹیریل کی کلیئرنس، اور دیگر حفاظتی اقدامات جاری ہیں، جبکہ اہم مقامات پر کیمرے نصب کرنے کا عمل بھی تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ سیکیورٹی نگرانی کو مؤثر بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران تمام متعلقہ اداروں نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلقہ تیاریوں اور حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صفی نے تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور باہمی کوارڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ 24 گھنٹے الرٹ ہے اور محرم الحرام کے دوران جلوسوں و مجالس کی کڑی نگرانی جاری رہے گی تاکہ امن و امان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔
