سولر پینل اسکیم؛ موبائل پورٹل 8800 پر درخواست کے دوران صارفین مشکلات کا شکار

پڑی درویزہ/ سوہاوہ: سولر پینل اسکیم کے لیے موبائل پورٹل 8800 پر درخواست دینے کے عمل میں صارفین کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا ہے، جس پر عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل حکومت پنجاب کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ بجلی کے 100 سے 200 یونٹ کے صارفین اپنے بجلی بل کا حوالہ نمبر اور کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر موبائل نمبر 8800 پر بھیجیں تو ان کا نام سولر پینل اسکیم میں رجسٹرڈ کر لیا جائے گا۔

تاہم عوام کی بڑی تعداد نے شکایت کی ہے کہ مطلوبہ معلومات بھیجنے کے باوجود اکثریت کو یہ پیغام موصول ہو رہا ہے کہ "آپ کا بل حوالہ نمبر یا شناختی کارڈ نمبر درست نہیں ہے” جو صارفین کے لیے ناقابل فہم ہے۔

طریقہ کار بظاہر آسان ہے جس میں بجلی بل کا حوالہ نمبر اور شناختی کارڈ نمبر موبائل پر ارسال کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، لیکن متعدد شکایات کے باعث عوام نے اس نظام کی بہتری کا مطالبہ کیا ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ اکثریت کے بجلی میٹر ان کے مرحوم والدین کے نام پر ہیں اور موجودہ ورثا کو اس عمل میں دشواری کا سامنا ہے۔

صارفین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور سولر پینل اسکیم کے حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ درخواست کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس عوامی فلاحی اسکیم سے مستفید ہو سکیں اور بلا وجہ اعتراضات سے گریز کیا جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button