رمضان المبارک میں عبادت اور مخلوقِ خدا کی خدمت پر خصوصی توجہ دی جائے، چوہدری محمد عارف

جہلم: چوہدری محمد عارف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی بے شمار رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے، جس میں ہمارے لیے بخشش اور مغفرت کے بے پناہ مواقع موجود ہوتے ہیں۔ اس بابرکت مہینے میں ہم اپنے رب کی عبادت اور مخلوق خدا کی خدمت کے ذریعے اللہ تعالیٰ کو راضی کر سکتے ہیں۔
صدر مرکزی انجمن تاجران چوہدری محمد عارف نے میڈیا نمائندگان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہمیں قرآن پاک کی تلاوت، روزوں کی پابندی اور درود پاک کی کثرت کا خصوصی اہتمام کرنا چاہیے۔ یہ مہینہ صبر، ہمدردی اور غم خواری کا پیغام دیتا ہے، اس لیے ہمیں معاشرے کے غریب، مستحق اور کمزور طبقات کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت مند افراد کی سحری اور افطاری کے انتظام میں تعاون کرنا نہ صرف ایک عظیم نیکی ہے بلکہ اس سے انسان اپنی بخشش کا سامان بھی کر سکتا ہے اور بے شمار اجر و ثواب کا مستحق بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ دوسروں کی افطاری کا اہتمام کرتے ہیں وہ پورے روزوں کا ثواب بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
چوہدری محمد عارف نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے پیغام کو عام کرنے، لوگوں کی اصلاح اور عوام الناس کی خدمت کے لیے ہم ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔ رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے میں ہمیں خصوصی طور پر معاشرے کے کمزور اور نادار افراد پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ حقیقی معنوں میں اس مہینے کی برکتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔



