سیلاب میں جہلم پولیس کی خدمات قابل تعریف ہیں ۔ ملک صداقت حسین، ملک کاشف

دینہ: سیلاب کے دوران عوام کی جان و مال کی حفاظت پر جہلم پولیس کی خدمات کو اعلیٰ سطح پر سراہا گیا ہے۔ ڈی ایس پی صدر سرکل جہلم، چوہدری شہباز ہنجرا کو ان کی غیرمعمولی کارکردگی پر انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
یہ ایوارڈ پنجاب بھر میں پولیس کارکردگی کے حوالے سے جہلم پولیس کے پہلے نمبر پر آنے کا عملی اعتراف ہے۔ ڈی ایس پی شہباز ہنجرا نے ضلعی پولیس سربراہ (ڈی پی او) جہلم کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سیلابی صورتحال میں عوام کی جان بچانے اور ان کی مدد کرنے میں نہ صرف کلیدی کردار ادا کیا بلکہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر بھی فرض کی ادائیگی کو ترجیح دی۔
اس موقع پر دینہ کے نواحی علاقہ چک اکا کی معروف سماجی شخصیات، ملک صداقت حسین اور ملک کاشف یو کے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی چوہدری شہباز ہنجرا کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف ان کی ذاتی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ پورے ضلع جہلم کی پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس نے اس موقع پر قیمتی جانیں بچا کر یہ ثابت کیا کہ وہ عوامی خدمت کو صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ عبادت سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پر امید ہیں کہ مستقبل میں بھی جہلم پولیس ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسی جذبے، ہمت اور ذمہ داری کے ساتھ پیش پیش رہے گی۔



