جہلم: ملکی حالات کی حساسیت اور تعلیمی اداروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کیڈٹ کالج جہلم اور کیڈٹ کالج سوہاوہ کے الگ الگ ہنگامی دورے کیے۔ ان دوروں کا مقصد اداروں کی سیکیورٹی کا ازسرِنو جائزہ لینا اور سیکیورٹی پلان پر موثر عملدرآمد یقینی بنانا تھا۔
ڈی پی او نے دونوں کالجز میں موجود سی سی ٹی وی کنٹرول رومز، مانیٹرنگ سسٹمز، ریکارڈنگ ڈیوائسز، ایمرجنسی الارم سسٹمز اور کالج کے اندر و باہر لگے سیکیورٹی کیمروں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ خراب کیمرے فوری طور پر درست کیے جائیں جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید کیمرے بھی نصب کیے جائیں تاکہ نگرانی کا عمل ہر پہلو سے مؤثر رہے۔
اس موقع پر ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے پرنسپل صاحبان، اساتذہ اور سیکیورٹی اسٹاف کے ساتھ خصوصی میٹنگز بھی کیں، جن میں ایمرجنسی صورتحال میں فوری ردعمل، رابطہ کاری، انٹری و ایگزٹ پوائنٹس کی مضبوط نگرانی اور سیکیورٹی اسٹاف کی ذمہ داریوں کا ازسرِنو جائزہ لیا گیا۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ ضلع جہلم میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ طلبہ، اساتذہ اور والدین کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال کے تناظر میں پولیس ہنگامی بنیادوں پر سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کر رہی ہے اور تعلیمی اداروں میں کسی قسم کی سیکیورٹی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
