امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ ملکی قوانین اور نظام حکومت کو باقاعدہ حرکت دینے کی ضرورت ہے، کہیں بھی بدعنوانی ہے اسے روکنے سے ملک میں بہت بڑی مثبت تبدیلی آسکتی ہے۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے چیمبر آف کامرس میں بعثت رحمت عالم ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سرحدوں پر سمگلنگ کے کنٹرول سے پچھلے چند دنوں میں ہمارے روپے کو کتنا استحکام ملا جو کہ آپ سب کے سامنے ہے ہمیں بعثت عالی عملی طور پر رہنمائی فرماتی ہے کہ ہم اتحاد و اتفاق اور محبت و یگانگت سے ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ایمان میں کمزوری اس حد تک آگئی ہے کہ عمل ہم نے چھوڑ دیا ہے اور ہماری اس بے عملی نے رواجات کو فروغ دے دیا کہ دین میں بھی رسومات در آئی ہیں۔ آپﷺکی شان بیان کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے زبان گنگ ہو جاتی ہیں، قران مجید میں آپ ﷺ کی تعریف خود اللہ کریم فرما رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں جب بندہ اپنی پیشانی اللہ کے حضور جھکاتا ہے تو در در پر سر جھکانے سے بچ جاتا ہے، اسی طرح دینی اصول اور دینی بات اتنی مستحکم ہے کہ اس کے مقابل کچھ نہیں آسکتا ۔
امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ ہمارے پاس اتنا بڑا شعبہ زراعت کا ہے کہ اگر ہم اس کے اوپر پوری توجہ دیں تو ہماری معیشت جو ہے وہ صرف ایک شعبہ زراعت سے ہی بہتر ہو سکتی ہے، صرف اس کے اوپر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ کسان کو خالص کھاد دی جائے اور سہولیات فراہم کی جائیں تو ہمارےکاشت کار بھائی ملکی معیشت میں بہت بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان اور بحیثیت پاکستانی ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے حصے کا مثبت کردار ادا کریں تاکہ ہمارا ملک ترقی کر سکے اور ہمارے ملکی حالات بہتر ہو سکیں۔
پروگرام کے آخر امیر عبدالقدیر اعوان نے وفات پانے والے ساتھی کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا فرمائی اور اس با برکت پروگرام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو مبارک باد دی ۔ پروگرام میں احسن ظفر بختا واری( صدر آئی سی سی آئی) نے امیر عبدالقدیر اعوان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں احسن بختاوری صدر آئی سی سی آئی، ظہیر الاسلام نائب صدر آئی سی سی آئی، فاد وحید سنیئر نا ئب صدر آئی سی سی آئی، چیئرمین ٹی ڈبلیو اے محمود احمد وڑائچ، طارق نصرت سابق سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی، خالد چوہدری سابق سینئر نائب، اختر عباسی ایگزیکٹو ممبر آئی سی سی آئی اور اجمل بلوچ صدر انجمن تاجراں نے شرکت کی۔
