دینہ: تھانہ دینہ پولیس نے احسن کارروائی کرتے ہوئے راولپنڈی سے لاپتہ ہونے والے بچے کو بحفاظت اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ دینہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک بچہ دینہ ریلوے اسٹیشن پر لاوارث حالت میں موجود ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور بچے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس اہلکاروں نے شفقت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کے لواحقین کی تلاش شروع کر دی۔
پولیس ٹیم نے مسلسل کوششوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے بچے کے ورثاء سے رابطہ کیا اور ضروری کارروائی کے بعد بچے کو بحفاظت ان کے حوالے کر دیا۔ معلوم ہوا کہ بچہ راولپنڈی سے لاپتہ ہوا تھا۔
بچے کی بحفاظت واپسی پر اس کے لواحقین نے جہلم پولیس کی بروقت کارروائی اور تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ بچوں اور شہریوں کی حفاظت جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ پولیس نہ صرف جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہی ہے بلکہ مشکل وقت میں شہریوں کی مدد کرنے اور بچھڑوں کو ان کے اپنوں سے ملانے کے لیے بھی ہر ممکن کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
