میجر (ر) فیض احمد فیض کی عمران خان سے ملاقات نہ ہو سکی، دو گھنٹے انتظار کے بعد واپس بھیج دیا گیا

پنڈدادنخان/ جہلم: پنڈدادنخان سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنما میجر (ر) فیض احمد فیض گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل راولپنڈی پہنچے، تاہم طویل انتظار کے باوجود انہیں ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میجر (ر) فیض احمد فیض نے بتایا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ سے اندر داخل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جیل کے اندرونی حصے تک پہنچنے سے پہلے چھ مختلف مقامات پر چیکنگ کی گئی اور ملاقات سے قبل ان کے ہاتھ پر مہر بھی لگائی گئی۔

انہوں نے میڈیا کو ہاتھ پر لگی مہر دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ اصل مہر ہے اور ان کی مکمل تلاشی اور چھان بین کی گئی۔ میجر (ر) فیض احمد فیض کے مطابق وہ تقریباً دو گھنٹے تک جیل کے اندر ملاقات کے انتظار میں رہے لیکن اس کے باوجود انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائے بغیر واپس بھیج دیا گیا۔

اس موقع پر ایک صحافی کے سوال پر کہ موجودہ ملکی صورتحال میں کیا قومی یکجہتی کا مظاہرہ نہیں ہونا چاہیے، میجر (ر) فیض احمد فیض نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ اچھا سوال ہے، مگر یہ ان لوگوں سے پوچھیں جو اقتدار میں بیٹھے ہیں کہ وہ ملک کو کس سمت لے کر جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button