ہنی ٹریپ و بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث نیازی گینگ گرفتار

سوہاوہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ہنی ٹریپ و بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث نیازی گینگ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر تھانہ سوہاوہ کے ایس ایچ او محمد عمران اور ان کی ٹیم نے ایک شاندار کارروائی کرتے ہوئے نیازی گینگ کے ارکان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزمان نوشیروان نیازی، افضال عرف ضلے شاہ، جہانگیر صفدر، مریم اور راشدہ کو گرفتار کیا۔ یہ گینگ ہنی ٹریپ اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث تھا، جس میں زبردستی اور بلیک میلنگ سے رقم، موبائل فونز، چیک اور ایک گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔
ملزمان نے خوبصورت خواتین کے ذریعے مالی طور پر مستحکم افراد کو ٹریپ کیا اور بعد میں انہیں زنا اور گینگ ریپ کے جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے بھاری رقم ہڑپ لی۔
یہ نوسرباز گینگ پہلے بھی کئی اضلاع اور اسلام آباد میں شرفاء کو بلیک میل کر کے کروڑوں روپے بٹور چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور انہیں عدالت میں چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
اس کامیاب کارروائی کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم، طارق عزیز سندھو نے ایس ایچ او سوہاوہ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔ اس کارروائی کو جہلم پولیس کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے جس سے عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہو گا۔



