پنڈدادنخان میں بھینس نکالتے ہوئے ایک شخص تالاب میں ڈوب کر جاں بحق

پنڈدادنخان کے نواحی علاقے میں بھینس نکالتے ہوئے ایک شخص تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی قصبہ جیٹھل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مقامی رہائشی امیر کھوکھر اپنی بھینس کو تالاب سے نکالتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق بھینس تالاب میں بیٹھی ہوئی تھی۔ اس تالاب میں خشک سالی کے دوران ایک کنواں کھودا گیا تھا جو حالیہ بارشوں کے بعد پانی سے بھر چکا تھا۔ امیر کھوکھر بھینس کو باہر نکالنے کے لیے تالاب میں اترے، تاہم گہرے پانی میں پھنس کر اپنی جان کی بازی ہار گئے۔
مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاش کو پانی سے نکالا۔ واقعے پر علاقے میں رنج و غم کی فضا قائم ہے۔



