دینہ پریس کلب کا اجلاس،معرکہ حق کی تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کو خراج تحسین

دینہ پریس کلب کا ایک اہم اجلاس صدر سید توقیر آصف شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں معرکہ حق کی تاریخی فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اجلاس میں سرپرستِ اعلیٰ دینہ پریس کلب امجد محمود سیٹھی، چیئرمین خورشید علی ڈار، وائس چیئرپرسن مسز ملک بوستان، صدر سید توقیر آصف شاہ، سینئر نائب صدر عرفان محبوب، نائب صدر سہیل انجم قریشی، جنرل سیکرٹری عادل چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم، انفارمیشن سیکرٹری ظہیر عباس، حاجی اظہر چوہدری، رضوان سیٹھی، ڈاکٹر ظہیر، سعید میر سمیت دیگر عہدیداران اور اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پریس کلب کے داخلی امور اور صحافتی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ معرکہ حق “بنیان مرصوص” کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور دفاعِ وطن کے جذبے کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

شرکاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مقررین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر محاذ پر جرات، بہادری، حکمت عملی اور عزم کی لازوال مثال قائم کی۔

اجلاس میں ضلع جہلم، تحصیل دینہ اور ملک بھر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

شرکاء نے کہا کہ گزشتہ سال افواجِ پاکستان نے جس پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمت عملی سے دشمن کو جواب دیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی صحافی برادری سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

Exit mobile version