جہلم: ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ والدین اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔
مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے یہ بات جہلم میں انسدادِ پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ مہم کا آغاز خانہ بدوشوں کی بستی سے کیا گیا، جہاں مشیر صحت پنجاب نے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کے ہمراہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین زندگی بھر کی معذوری سے بچاؤ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ حکومت پنجاب کی پوری کوشش ہے کہ صوبے کا ہر بچہ اس حفاظتی مہم سے مستفید ہو۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات نے بتایا کہ ضلع جہلم میں چار روزہ مہم کے دوران 2 لاکھ 28 ہزار 908 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 1192 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مہم 13 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس مہم کو مکمل کامیاب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور ہر شہری کا تعاون اس قومی مقصد کے لیے ناگزیر ہے۔
