محرم الحرام؛ یوم عاشور پر ضلع جہلم میں 31 جلوس برآمد اور48 مجالس کا انعقاد ہو گا

جہلم:یوم عاشور ضلع بھر میں علم ذوالجناح کے 31 جلوس برآمد ہوں گے، 48 مجالس کا انعقاد ہوگا۔ یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی نگرانی میں ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار یوم عاشور پر سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔

رپورٹ کے مطابق نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی 26 جون بروز جمعۃ المبارک کو یوم عاشور مذہبی عقیدت احترام کے ساتھ منایا جائے گا، ضلع بھر میں چھوٹے بڑے کل 31 جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 48 مجالس منعقد ہوں گی۔

جہلم شہر سے چار بڑے جلوس برآمد ہوں گے۔ پہلا مرکزی جلوس صبح 10 بجے دربار سخی شاہ بھور سے روانہ ہوگا، جبکہ دیگر جلوس شمالی محلہ، امام بارگاہ جعفریہ اور بیٹھک شیخ مراد بخش سے اپنے مقررہ اوقات کے مطابق برآمد ہوں گے۔ تمام جلوس اہلِ حدیث چوک میں یکجا ہو کر مرکزی جلوس کی شکل اختیار کریں گے، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا شام کے وقت بیت العباس پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

اسی طرح سٹی سرکل، صدر سرکل، سوہاوہ سرکل اور پنڈ دادنخان سرکل میں بھی مختلف مقامات سے جلوس برآمد ہوں گے، جبکہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 48 مجالسِ عزا کا انعقاد کیا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری کی نگرانی میں یومِ عاشور کے موقع پر ایک ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ جلوسوں اور مجالس کی نگرانی سیف سٹی کیمروں، سی سی ٹی وی سسٹم اور ڈرون کیمروں کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ حساس مقامات پر خصوصی نگرانی کا بندوبست کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی پلان کے تحت جلوسوں اور مجالس کے داخلی و خارجی راستوں کو خاردار تاریں لگا کر محفوظ بنایا گیا ہے۔ شرکاء کی واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور مکمل باڈی سرچ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ اس مقصد کے لیے تربیت یافتہ رضاکار بھی تعینات کیے جائیں گے۔ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر پارکنگ کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج، جہلم پولیس کی ریزرو فورس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جہلم پولیس پہلے سے زیادہ مستعد اور الرٹ انداز میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے، نفرت انگیز وال چاکنگ، اشتعال انگیز مواد کی تشہیر یا سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ مواد پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں، عزاداروں، امن کمیٹیوں اور لائسنس داران سے اپیل کی ہے کہ وہ امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں، مقررہ اوقات اور روٹس کی پابندی کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ یومِ عاشور کے تمام پروگرام پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button