پنجاب حکومت کا تعلیمی اداروں میں تمباکو، نکوٹین مصنوعات پر مکمل پابندی لگا دی

جہلم: پنجاب حکومت نے طلبا و طالبات کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک بڑا اور تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں سگریٹ، ویپ، ہینڈ ٹوبیکو پروڈکٹس، نکوٹین پاؤچز سمیت تمام تمباکو اور نشہ آور مصنوعات پر فوری اور مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

اس فیصلے کا مقصد تعلیمی اداروں میں تمباکو نوشی سے پاک صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ نوجوان نسل کو اس نقصان دہ عادت سے بچایا جا سکے۔ حکومت پنجاب کے اس اہم فیصلے میں کرومیٹک تنظیم کا بھی کلیدی کردار رہا، جس نے طلبا و طالبات کی صحت کے حوالے سے اس مسئلے کو اجاگر کیا اور حکومت کو مؤثر اقدامات اٹھانے پر قائل کیا۔

ماہرین صحت نے حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام طلباء و طالبات کو تمباکو اور دیگر نشہ آور مصنوعات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ تعلیمی اداروں میں تمباکو مصنوعات کے استعمال یا فروخت کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت کے اس جرات مندانہ اقدام کو عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ تمباکو نوشی سے پاک تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے ان کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور یہ اقدام نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کی طرف ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگا۔

Exit mobile version