جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے جہلم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 128 کلومیٹر طویل للِہ تا جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر کے لیے 10 ارب روپے منظور کیے جا چکے ہیں، یہ منصوبہ 2025 تک مکمل ہوگا۔
بلال اظہر کیانی نے منصوبے کی منظوری پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب حکومت اس منصوبے کی نگرانی کرے گی اور اس کی جلد تکمیل کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیار اور رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت ضروری اقدامات کرے گی۔ بلال اظہر کیانی نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور مشیر وزیراعلیٰ برائے صحت میجر جنرل (ر) اظہر کیانی کی کاوشوں کو بھی سراہا، جنہوں نے اس منصوبے کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
بلال اظہر کیانی نے اعتراف کیا کہ یہ منصوبہ 2019 میں شروع ہوا تھا لیکن سابقہ حکومت کی نااہلی کے باعث سست روی کا شکار ہو گیا، جس سے مقامی عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں اس منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔
بلال اظہر نے پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں، جیسے کسان کارڈ، رعایتی قیمتوں پر ٹریکٹرز کی فراہمی اور صحت کے نظام میں بہتری کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوام کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی اقتصادی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 4 فیصد پر آ چکی ہے، جبکہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے گھٹ کر 13 فیصد ہو گیا ہے، جو حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا ثبوت ہے۔
بلال اظہر کیانی نے افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور ترقی و خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست تخریب کاری پر مبنی ہے اور ان کا عوامی خدمت سے کوئی تعلق نہیں۔ مسلم لیگ (ن) عوامی ترقی کے مشن کو جاری رکھے گی۔
