جہلم میں تاجروں کا 26 مارچ کو فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

جہلم: مرکزی انجمن تاجران جہلم نے 26 مارچ کو فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

انجمن کے قائدین نے کہا کہ اس ہڑتال کا مقصد فلسطینی عوام پر اسرائیل کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف پاکستانی عوام کی آواز بلند کرنا اور عالمی برادری کو اس صورتحال پر متوجہ کرنا ہے۔

مرکزی انجمن تاجران کے رہنماؤں نے کہا کہ "ضلع جہلم کے تاجروں نے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ پہلے ہی شروع کر رکھا ہے، اور اب اس شٹر ڈاؤن ہڑتال کے ذریعے ہم عالمی سطح پر اسرائیل کے خلاف معاشی بائیکاٹ کو مزید مضبوط کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ "اس پرامن احتجاج کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستانی عوام اور تاجر برادری مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔”

اس ہڑتال کی کال دیتے ہوئے قائدین نے کہا کہ یہ ایک کوشش ہے تاکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جائے اور دنیا بھر کے ممالک اسرائیلی مظالم کے خلاف عملی اقدامات کریں۔ اس احتجاج کا مقصد فلسطینی عوام کو انصاف دلانے کی جدوجہد میں عالمی سطح پر حمایت حاصل کرنا ہے۔

شہر بھر کے تاجروں نے اس ہڑتال میں بھرپور شرکت کا عزم ظاہر کیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ 26 مارچ کو یہ احتجاج کامیاب ہوگا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button