جہلم میں ایل پی جی کی قلت، صارفین کی مشکلات میں اضافہ

17
جہلم میں ایل پی جی سلنڈرز کی قلت نے صارفین کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے سپلائی کم کرنے کے بعد ڈیلرز نے بھی ایل پی جی کی مقدار کم کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ لائسنس یافتہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں جان بوجھ کر سپلائی محدود رکھ رہی ہیں تاکہ زیادہ منافع اور بلند مارجن حاصل کیا جا سکے۔ یہ صورتحال اس لیے پیدا ہوئی کہ حکومت کے سامنے ایک سمری زیر غور ہے جس میں ایل پی جی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی تجویز شامل ہے۔
دوسری جانب دکانوں پر صارفین سے من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں جس پر صارفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ اس کا نوٹس لے۔
مارکیٹنگ کمپنیوں نے اس الزام کی تردید کی ہے اور کہا کہ جان بوجھ کر سپلائی روکی یا قیمت بڑھنے کا انتظار نہیں کیا جا رہا۔ ان کا موقف ہے کہ موجودہ قلت طلب و رسد کے فرق کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ایل پی جی کی قیمت کا نوٹیفکیشن جلد جاری کرے تاکہ ابہام ختم ہو سکے۔



