پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ سکیم سے مویشی پال حضرات کو نقد رقوم کا اجراء

سوہاوہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے جاری کردہ پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ سکیم سے مویشی پال حضرات کے لیے ایک اور اہم سہولت کا آغاز کیا گیا ہے۔
اب اس سکیم کے تحت لائیو اسٹاک کارڈ حاصل کرنے والے مویشی پال افراد پنجاب بینک کی کسی بھی اے ٹی ایم مشین سے نقد رقوم بھی حاصل کر سکیں گے۔
ضلعی فوکل پرسن جہلم ڈاکٹر مسعود حسین نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر مویشی پال افراد صرف رجسٹرڈ دکانوں سے اپنے جانوروں کے لیے خوراک جیسے کہ کھل، ونڈا، سائیلج اور منرل مکسچر وغیرہ خرید سکتے تھے۔ تاہم اب حکومت پنجاب نے اس کارڈ کے ذریعے 30 فیصد تک نقد رقوم وصول کرنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم میں اس سکیم کے پہلے مرحلے میں تقریباً ایک سو مویشی پال افراد نے پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ سکیم سے فائدہ اٹھایا ہے، جس سے ان کی مالی صورتحال میں بہتری آئے گی اور انہیں مزید سہولت ملے گی۔



