جہلم میں جانوروں کی صحت اور کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی مربوط مہم کا آغاز

جہلم: موسم گرما کی شدت اور قربانی کے جانوروں کی نقل و حرکت کے پیش نظر، محکمہ لائیوسٹاک نے پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی جانوروں کی مناسب دیکھ بھال اور چیچڑیوں سے پھیلنے والی مہلک بیماریوں، خصوصاً کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے مربوط آگاہی اور سپرے مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

سیکرٹری لائیوسٹاک اور ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، ڈائریکٹر لائیوسٹاک راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر نوید سحر زیدی کی نگرانی میں ضلع جہلم کے تمام بین الاضلاعی داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ منگلا پل کے مقام پر بین الصوبائی سطح پر جانوروں کی نقل و حمل کی نگرانی کے لیے بھی چیک پوسٹ فعال ہے۔

محکمہ لائیوسٹاک کا عملہ ان چیک پوسٹوں پر 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے اور ضلع میں داخل ہونے والے تمام جانوروں پر چیچڑیوں کے خاتمے کے لیے باقاعدہ سپرے کیا جا رہا ہے تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک جہلم ڈاکٹر ضیاء اللہ گوندل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ضلع بھر میں نہ صرف چیچڑیوں کے خاتمے کی عملی مہم جاری ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کسانوں اور مویشی پال حضرات میں آگاہی بھی پیدا کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے "کسان لائیوسٹاک بیٹھک” کے عنوان سے گاؤں کی سطح پر خصوصی نشستیں منعقد کی جا رہی ہیں۔ ویٹرنری ہسپتالوں، ذبح خانوں، اور چیک پوسٹوں پر آگاہی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جبکہ محکمہ کی موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں دیہی علاقوں میں گھر گھر جا کر معلومات فراہم کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر ضیاء اللہ گوندل نے عوام کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کانگو وائرس کے حوالے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، البتہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔ محکمہ لائیوسٹاک ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے تاکہ نہ صرف جانوروں کی صحت محفوظ رہے بلکہ انسانی صحت کو بھی لاحق خطرات سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button