کرپشن ثابت ہونے پر جہلم پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل گرفتار، مقدمہ درج

جہلم میں کرپشن ثابت ہونے پر پنجاب پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیر نگرانی محکمہ پولیس میں خود احتسابی کی پالیسی کے تحت کرپشن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ کرپشن کی شکایت موصول ہونے پر ڈی پی او جہلم کی خصوصی ہدایت پر فوری طور پر شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مبنی انکوائری کا آغاز کیا گیا۔
انکوائری کے دوران تمام متعلقہ شواہد، بیانات اور سرکاری ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ انکوائری میں الزامات ثابت ہونے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تصدیق ہونے پر متعلقہ ہیڈ کانسٹیبل کے خلاف تھانہ سول لائنز میں باقاعدہ مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر واضح کیا کہ محکمہ پولیس میں کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ کوئی بھی اہلکار قانون سے بالاتر نہیں اور عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس جہلم شفافیت، احتساب اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ایسے اقدامات کا مقصد پولیس فورس کے مثبت تشخص کو برقرار رکھنا اور شہریوں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ “قانون سب کے لیے برابر ہے، اختیارات کا ناجائز استعمال ناقابلِ برداشت ہے۔”



