سوہاوہ میں پینی اپیل کے زیر انتظام "اپنا گھر” میں گرینڈ افطار کا انعقاد

سوہاوہ: نجی فلاحی ادارہ پینی اپیل کے زیر انتظام چلنے والے یتیم بچیوں کے لیے قائم "اپنا گھر” میں ایک شاندار گرینڈ افطار کا اہتمام کیا گیا، جس میں فلاحی ادارے کے عہدیداران اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ادارے میں مقیم یتیم بچیوں کو عید کے لیے اپنے گھروں کو روانہ کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا۔
"اپنا گھر” ایک منفرد فلاحی منصوبہ ہے جہاں یتیم بچیوں کو والدین جیسا پیار اور ایک گھر جیسا ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔ یہ ادارہ روایتی یتیم خانوں سے مختلف ہے، کیونکہ یہاں ایک بڑی عمارت کی بجائے چھوٹے چھوٹے گھر تعمیر کیے گئے ہیں تاکہ بچیوں کو حقیقی گھریلو ماحول میسر آئے اور وہ کسی احساسِ کمتری کا شکار نہ ہوں۔
گرینڈ افطار ڈنر میں کنٹری ڈائریکٹر ملک عمران، ٹرسٹی راجہ حبیب نواز، ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر احسان اللہ خان، پروگرام مینیجر نوید قمر اور پروگرام آفیسر قرۃ العین نے شرکت کی۔ اس موقع پر معزز مہمانوں نے "اپنا گھر” کے منفرد نظام کو سراہا اور بچیوں کے لیے کیے جانے والے بہترین انتظامات کی تعریف کی۔
کنٹری ڈائریکٹر ملک عمران کا کہنا تھا کہ یہاں مقیم بچیاں ہمارے اپنے بچے ہیں، اور ہم انہیں وہی سہولیات فراہم کر رہے ہیں جو عام گھروں میں بچوں کو دی جاتی ہیں۔ پروگرام آفیسر قرۃ العین نے کہا کہ اس کمپلیکس کا نام "اپنا گھر” رکھنے کا مقصد یہ ہے کہ یہاں رہنے والی یتیم بچیاں کبھی یہ محسوس نہ کریں کہ وہ کسی یتیم خانے میں مقیم ہیں۔
یہاں ہر گھر میں دس سے زائد بچیاں رہائش پذیر ہیں، جن کے کھانے پینے، لباس، صحت اور تعلیم کی تمام ذمہ داری پینی اپیل احسن طریقے سے نبھا رہی ہے۔ ادارے میں ماہر نفسیات بھی موجود ہیں تاکہ بچیوں کے نفسیاتی مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔
سوہاوہ میں قائم "اپنا گھر” نہ صرف یتیم بچیوں کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ ہے بلکہ یہ معاشرتی فلاح و بہبود کی جانب ایک مثبت قدم بھی ہے، جو بے سہارا بچوں کو باوقار زندگی گزارنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔



