روڈ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، گنزا مارٹ یوٹرن بند اور حفاظتی اقدامات 15 روز میں مکمل کیے جائیں گے،علیزہ ریحان

جہلم: ٹریفک حادثات کی روک تھام، شاہراہوں کو محفوظ بنانے اور ٹریفک کی منظم روانی یقینی بنانے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز علیزہ ریحان کی زیرِ صدارت ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں روڈ سیفٹی کی صورتحال، حادثات کے ممکنہ اسباب اور شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ولید صابر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ساجد خان، سٹی ٹریفک پولیس کے انسپکٹر عدنان، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف موٹر وے پولیس عمران، ریسکیو 1122 سے صابر اور صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران جی ٹی روڈ پر حادثات کے ممکنہ مقامات، تیز رفتاری، غیر محفوظ یوٹرنز اور روڈ سیفٹی سے متعلق دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حادثات کے خطرات کو کم کرنے اور شاہراہوں پر سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ضروری مقامات پر اسپیڈ بریکرز، کیٹ آئیز، فلیش لائٹس، وارننگ سائنز اور رہنما بورڈز کی تنصیب سمیت دیگر حفاظتی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، مقررہ رفتار کی پابندی اور ٹریفک کی محفوظ و منظم روانی کو یقینی بنانا حادثات کی روک تھام کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ اس موقع پر شاہراہوں پر موجود ایسے مقامات کی نشاندہی اور بہتری پر بھی توجہ دی گئی جہاں ٹریفک حادثات کے خدشات زیادہ رہتے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز علیزہ ریحان نے میونسپل کمیٹی جہلم کو جی ٹی روڈ پر ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے گنزا مارٹ کے سامنے موجود یوٹرن بند کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ضروری اقدامات 15 روز کے اندر مکمل کرکے عملدرآمد رپورٹ پیش کی جائے۔

علیزہ ریحان نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ روڈ سیفٹی سے متعلق اقدامات میں باہمی رابطے اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ روڈ سیفٹی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے ٹریفک قوانین و اصولوں، ٹریفک سگنلز، لین ڈسپلن اور مقررہ رفتار کی پابندی کی جائے۔ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کیا جائے اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کو اپناتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی قیمتی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button