ڈی پی او جہلم کا پولیس لائن میں اردل روم، غفلت و بدعنوانی پر سخت کارروائی، 5 اہلکار نوکری سے فارغ

1

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس لائن جہلم میں پریڈ کے بعد اردل روم کا انعقاد کیا، جس میں مجموعی طور پر 9 پولیس افسران و اہلکاران کو پیش کیا گیا۔

اردل روم کے دوران ڈی پی او جہلم نے شوکاز نوٹسز کے تحت پیش ہونے والے افسران و اہلکاران کے مؤقف تفصیل سے سنے اور تمام معاملات کا میرٹ پر جائزہ لینے کے بعد احکامات جاری کیے۔

فرائض میں غفلت برتنے، بدانتظامی اور محکمانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر متعدد پولیس افسران و اہلکاران کو مختلف محکمانہ سزائیں سنائی گئیں جبکہ منشیات فروشوں سے روابط ثابت ہونے، کرپشن میں ملوث ہونے اور ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر رہنے کے الزامات ثابت ہونے پر 5 پولیس اہلکاروں کو سخت کارروائی کرتے ہوئے ڈسمس فرام سروس کر دیا گیا۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اردل روم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس میں نظم و ضبط، دیانت داری اور فرض شناسی بنیادی اصول ہیں، جن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نااہل، کام چور اور بددیانت اہلکاروں کی محکمہ پولیس میں کوئی گنجائش نہیں، جبکہ ایماندار اور فرض شناس افسران و اہلکاران کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

ڈی پی او جہلم نے تمام افسران و اہلکاران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتے ہوئے فرائض دیانت داری، ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سرانجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہترین نظم و ضبط اور اعلیٰ معیار کی تربیت ہی ایک اچھے اور ذمہ دار پولیس افسر کی پہچان ہے، اور محکمہ پولیس کو عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا۔

Exit mobile version