دینہ: چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان کے والد محترم آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل، راحیل ہائی اسکول کے بانی اور پرائیویٹ تعلیمی شعبے کی ممتاز شخصیت ملک افتخار حسین رضائے الٰہی سے وفات پا گئے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ مرکزی جنازہ گاہ مفتیان دینہ میں ادا کی گئی، جس میں علاقے کے معززین، اساتذہ، تعلیمی اداروں کے سربراہان، میڈیکل شعبے سے وابستہ شخصیات، احبابِ سلسلہ عالیہ اور اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
نمازِ جنازہ سے قبل صاحبِ مجاز راولپنڈی ڈویژن محمد ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی زندگی عارضی ہے اور ہر ذی روح نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل کامیابی ایمان، درست عقیدے اور نیک اعمال کے ساتھ دنیا سے رخصت ہونے میں ہے، جبکہ قلب کی اصلاح اور تزکیۂ نفس کے لیے ذکرِ قلبی اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دارالعرفان مرکز منارہ میں شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان برسوں سے قرآن و سنت کی روشنی میں تزکیۂ نفس اور ذکرِ قلبی کی تعلیم دے رہے ہیں، اور اس بابرکت سلسلے میں شرکت کی دعوت عام ہے۔
بعد ازاں مرحوم کے صاحبزادے ڈاکٹر ملک عدیل افتخار اعوان نے اپنے والد کی نمازِ جنازہ پڑھائی۔ تدفین کے بعد مرحوم کے لیے خصوصی دعائے مغفرت کی گئی، جبکہ صاحبِ مجاز راولپنڈی ڈویژن نے قبرستان میں موجود شرکاء کو ذکرِ قلبی کا طریقہ بھی بتایا۔
نمازِ جنازہ میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشرواشاعت امجد محمود اعوان، صاحبِ مجاز راولپنڈی ڈویژن محمد ارشد اور راولپنڈی و اسلام آباد سے سلسلہ عالیہ کے دیگر ذمہ داران نے بھی خصوصی شرکت کی۔
واضح رہے کہ مرحوم ملک افتخار حسین، ڈاکٹر عدیل افتخار اعوان کے والد تھے جو الفلاح فاؤنڈیشن پنجاب کے صدر اور ضلع جہلم کے سیکرٹری اطلاعات و نشرواشاعت بھی ہیں۔
شرکاء نے مرحوم کی تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نجی تعلیمی شعبے کے فروغ اور معیاری تعلیم کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
